ضلع بھر میں سرکاری اراضی قابضین کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کا آغاز

رحیم یار خان( ویب ڈیسک)ڈپٹی کمشنر شکیل احمدبھٹی نے ضلع ہذا کے ریونیو افسران اوربلڈرز، ڈویلپرز اینڈ ٹاؤن پلینرز ایسویس ایشن کے مشترکہ سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ و ہ اپنے ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف سے تمام سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کروا کر سرٹیفکیٹ جمع کرائیں کہ ان کی سب ڈویژن میں کوئی بھی سرکاری اراضی قابضین کے قبضہ میں موجود نہیں ہے۔علاوہ ازیں ضلع ہذا کے تمام ٹاؤن پلینرز، بلڈرز اور ڈویلپرز بھی یقینی بنائیں کہ ان کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کسی سرکاری اراضی پر قبضہ نہیں کیا گیا بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان قواعد و ضوابط کے تحت میونسپل و ضلع کونسل کو منتقل کی جانے والی اراضی کے امور بھی جلد از جلد مکمل کریں۔ضلع بھر میں سرکاری اراضی قابضین کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس اپریشن کے دوران ضلع کی سرکاری زمینوں کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا اور قابضین کے خلاف بلا امتیاز اپریشن کیا جائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) نے ضلع میں واگزار کرائی گئی زمینوں پر بریفنگ دی۔