ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کا عوامی شکایات پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام امدادی رقم تقسیم پوائنٹس گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول کا دورہ

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے عوامی شکایات پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام امدادی رقم تقسیم پوائنٹس گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول کا دورہ کیا۔انہوں نے مستحق خواتین سے امدادی رقم میں کٹوتی کرنے پر 6ڈیوائس ریٹیلرز کو موقع پر ہی حوالہ پولیس کرتے ہوئے اندراج مقدمہ کی ہدایت کر دی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) احمد رضا بٹ، اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر، سی ای ا وایجوکیشن اتھارٹی محمد اسلم اعجاز سمیت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور حبیب بینک کے نمائندگان موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام انتظامیہ چاروں تحصیلوں میں امدادی رقوم کی حصول کے لئے آنے والی خواتین کی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کو یقینی بنائے جبکہ سی ای ا وایجوکیشن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور خواتین کی سہولت کے لئے تمام سنٹرز پر پینے کا ٹھنڈا پانی دستیاب ہو نا چاہیے۔انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دینے پر حبیب بینک کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام رقم تقسیم پوائنٹس پر ایس او پیز کے مطابق ڈیوائسز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ایس او پیز سے کم ڈیوائسز ہونے پر ریٹیلرز کو کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا امدادی رقم کے حصول کے لئے آنے والی خواتین کو مکمل سہولیات اور گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں تمام امدادی رقم تقسیم پوائنٹس کی کڑی مانیٹرنگ کریں اور رقم میں کٹوتی کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج اور حوالہ پولیس کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امدادی رقم میں کٹوتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔