
رحیم یار خان(ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ربیع الاول اور عید میلاد النبی ؐ کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، ایڈمنسٹریٹر آفیسر ریاست علی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ربیع الاول کے دوران منعقد ہونے والی محافلِ میلاد، عید میلاد النبی ؐ کے جلوسوں، مذہبی پروگرامز، روٹس، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، سکیورٹی، چراغاں، سبیلوں، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں تحصیل امن کمیٹیوں کے اجلاس فوری طور پر منعقد کریں اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے باہمی مشاورت سے مقامی سطح پر درپیش مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران، میلاد کمیٹیوں، جلوس منتظمین اور دیگر متعلقہ افراد کو بھی مشاورتی عمل میں شامل رکھا جائے تاکہ ربیع الاول کی تقریبات کو باہمی اتفاق، مذہبی ہم آہنگی اور بہترین انتظامی نظم و ضبط کے ساتھ منعقد کیا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ عید میلاد النبی ؐ کے جلوسوں اور محافل کے لیے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ جلوسوں کے روٹس کا متعلقہ افسران خود موقع پر جا کر معائنہ کریں اور منتظمین کی جانب سے نشان دہی کیے جانے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے میونسپل کمیٹیوں، ضلع کونسل اور ستھرا پنجاب کے متعلقہ افسران کو جلوسوں کے روٹس اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے ساتھ ساتھ مناسب روشنی، ٹریفک کی روانی، پینے کے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جلوس کے شرکاء پر عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ اور دیگر انتظامات کے لیے بھی منتظمین سے مکمل تعاون کیا جائے۔ دیگر تحصیلوں میں بھی میونسپل کمیٹیاں اپنی متعلقہ میلاد کمیٹیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں میں ربیع الاول کی مناسبت سے نعت خوانی، سیرت النبی ؐ، مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو سیرتِ طیبہؐ، حسنِ اخلاق، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اپنے پروگرامز کا شیڈول اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر کو جمع کروائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر میں بھی محافلِ میلاد اور سیرت النبی ؐکے حوالے سے پروگرامز منعقد کیے جائیں، جبکہ ضلعی سطح پر ایک خصوصی سیرت النبی ؐ کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے سرکاری و نجی عمارتوں، اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات پر مناسب چراغاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلسٹی میٹریل اور بینرز پر درج مقدس الفاظ، اسمائے مقدسہ اور آیاتِ قرآنی کا خصوصی احترام ملحوظ رکھا جائے۔ مقدس تحریروں پر مشتمل پبلسٹی میٹریل کو مناسب اور بااحترام انداز میں نصب کیا جائے اور تقریبات کے بعد انہیں اتارتے وقت بھی مکمل احترام اور احتیاط کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی کالعدم تنظیم کو جلوس یا مذہبی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھی جائے اور مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی یا امن و امان کو نقصان پہنچانے والا مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ربیع الاول کے دوران باہمی رابطہ مؤثر بنایا جائے اور تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کے مقدس موقع پر بہترین انتظامات، مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کریں اور کسی بھی مسئلے کے فوری حل کے لیے فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات اور انتظامی پالیسی کے مطابق ربیع الاول اور عید میلاد النبی ؐ کی تمام تقریبات کو پرامن، منظم اور باوقار انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے