ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں کے ہمراہ کچہ کراچی، موضع حسین آباد تاج چوک گراؤنڈ میں منعقدہ یومِ آزادی فلڈ لائٹس کرکٹ امن میلہ میں شرکت کی

بہ تسلیمات ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ حکومت پنجاب
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس رحیم یار خان
مورخہ 05 اگست 2026

ہینڈ آؤٹ نمبر 447
رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں کے ہمراہ کچہ کراچی، موضع حسین آباد تاج چوک گراؤنڈ میں منعقدہ یومِ آزادی فلڈ لائٹس کرکٹ امن میلہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی عمائدین، نوجوانوں، کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ وہ علاقہ جہاں ماضی میں مغرب کے بعد لوگوں کی نقل و حرکت بھی ممکن نہ تھی، آج وہاں فلڈ لائٹس کے نیچے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی پنجاب پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں، قربانیوں اور کامیاب حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور قیادت میں کچہ کے وہ علاقے جو کبھی نوگو ایریاز سمجھے جاتے تھے، آج امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی مثال بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوف اور بے یقینی کے ماحول میں پروان چڑھنے والے بچوں کے چہروں پر آج خوشیاں، اعتماد اور روشن مستقبل کی امید نمایاں نظر آ رہی ہے جو حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کا ثمر ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کچہ کے علاقوں میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت بنیادی انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، سڑکوں، پینے کے صاف پانی، کھیلوں اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کچہ کے عوام بھی ترقی کے قومی دھارے میں بھرپور انداز سے شامل ہو سکیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچہ میں امن کا قیام پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے کر معاشرے میں امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ اور ڈی پی او عرفان علی سموں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور کامیاب امن میلہ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے علاقے میں امن، بھائی چارے اور ترقی کا سفر مزید مضبوط ہوگا۔