جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے: صدر زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو یکطرفہ تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 7 برس مکمل ہوگئے، آج سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یومِ استحصال منائیں گے۔
یومِ استحصال کشمیر پر صدر زرداری نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بہادری،اورحقِ خود ارادیت کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آج بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 7 برس مکمل ہو چکے ہیں۔
صدر نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جموں وکشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات تنازع کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کر نہیں سکتے، تمام مشکلات کےباوجود مقبوضہ جموں وکشمیرکےعوام مستقبل کے فیصلے،جائزحق کیلئےثابت قدم ہیں، پاکستان مقبوضہ جموں کشمیرکے عوام کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔