شیخ زید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرطویل وقفے کے بعد فضائی آپریشن بحال

رحیم یار خان (ویب ڈیسک) شیخ زید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساڑھے تین سال کے طویل وقفے کے بعد فضائی آپریشن باقاعدہ طور پر بحال ہو گیا۔ نجی ایئرلائن کی پہلی پرواز 72 مسافروں کو کراچی سے لے کر شیخ زید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ایئرپورٹ انتظامیہ، سول ایوی ایشن حکام اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مسافروں کا خیرمقدم کیا۔نجی ایئرلائن نے ابتدائی مرحلے میں کراچی اور اسلام آباد کے لیے اپنی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس سے ضلع رحیم یار خان اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کو تیز، محفوظ اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔ فضائی آپریشن کی بحالی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری، سیاحت اور تجارتی روابط کو فروغ ملے گا بلکہ عوام کو گھنٹوں پر مشتمل زمینی سفر کے بجائے چند منٹوں میں اپنی منزل تک پہنچنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔افتتاحی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسافروں نے شیخ زید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی ایک اہم سنگِ میل ہے، جو وزارتِ دفاع، سول ایوی ایشن، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، متعلقہ اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی سروس کی بحالی سے نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ ضلع کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور تعاون کو یقینی بنایا تاکہ ایئرپورٹ پر مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید ایئرلائنز بھی اپنی پروازوں کا آغاز کریں گی، جس سے رحیم یار خان کا ملک کے دیگر بڑے شہروں سے فضائی رابطہ مزید مستحکم ہوگا۔تقریب کے اختتام پر ایئرپورٹ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے فضائی آپریشن کی کامیاب بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسافروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔