ضلع بھر میں جاری میونسپل سروسز، صفائی ستھرائی، عید الاضحیٰ کے انتظامات اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت میونسپل افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ۔ضلع بھر میں جاری میونسپل سروسز، صفائی ستھرائی، عید الاضحیٰ کے انتظامات اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیاجلاس میں آوارہ سگاں کی تلفی مہم، عید الاضحیٰ کے موقع پر عارضی مویشی منڈیوں کے قیام و انتظامات، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کمرشل سینٹرز کے خلاف کارروائی، ضلع و میونسپل کمیٹی حدود میں کمرشل عمارتوں کے سروے، مین ہولز کور کی دستیابی سمیت دیگر ترقیاتی و انتظامی امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آوارہ سگاں کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے، جن میں سے 13 ٹیمیں ضلع کونسل جبکہ 7 ٹیمیں میونسپل کمیٹی کی سطح پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عارضی مویشی منڈیاں 16 مئی سے فعال کر دی جائیں گی اور ان کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ آوارہ سگاں مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ افسران فوری طور پر ہاٹ سپاٹس کلیئر کریں اور فیلڈ میں مؤثر کارروائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں کوئی بھی مین ہولز کور کے بغیر نہیں ہونا چاہیے اور تمام متعلقہ ادارے اضافی کورز ہمہ وقت دستیاب رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے کہ وہاں تمام مین ہولز کور موجود ہیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں عارضی مویشی منڈیاں 16 مئی تک مکمل فعال کر دی جائیں اور ان میں صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، سایہ دار جگہیں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بینک کاؤنٹر اور دیگر بنیادی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پولیس، پیرا فورس، ریونیو، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ ادارے فوری کارروائی کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خود اور اسسٹنٹ کمشنرز عارضی مویشی منڈیوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں گے تاکہ تمام سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی اور میونسپل آفیسر پلاننگ اپنی حدود میں کمرشل عمارتوں کا سروے 10 یوم میں مکمل کریں اور جن عمارتوں کے نقشے منظور شدہ نہیں ہیں ان کے نقشوں کی منظوری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری حدود میں گرین بیلٹس اور پودوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، جبکہ بھیڑ بکریوں کو شہری علاقوں میں چرانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہری سہولیات کی فراہمی، صفائی نظام کی بہتری اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہوگی۔