
اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):گزشتہ سال بھارتی پہلگام واقعہ کے فوری بعد بھارت کے گودی میڈیا نے پہلگام حملہ کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے مودی سرکار کو پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کی ہر طرح سے شہہ دی۔جھوٹ اور منفی پراپیگنڈہ مہم کا مقصد بھارت میں رائے عامہ کو ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوتوا کی بنیاد پر قائم مودی سرکار کو پاکستان کے خلاف جارحیت پر اکسانا بھی تھا۔ بھارتی حکومت نے پہلے سے کی گئی منصوبہ بندی اور گودی میڈیا کی اشتعال انگیزی کو بنیاد بنا کر آپریشن سندور لانچ کرنے کا اعلان کر دیا جس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایک پر امن اور ذمہ دار ریاست کے طور پر بھارت کو پیشکش کی گئی کہ وہ پہلگام واقعہ کی کسی بھی تیسرے فریق کے ذریعہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے، لیکن بھارتی قیادت پاکستان کی پیشکش پر کسی قسم کا مثبت ردعمل دینے میں ناکام رہی ۔
بعد ازاں بھارت سرکار نے پاکستان پر میزائل حملے کئے جو بری طرح ناکام رہے کیونکہ بھارتی حملوں سے پاکستان کے دفاعی اثاثوں کو کوئی نقصان نہ پہنچا تاہم چند معصوم بچے اور سویلین افراد شہید ہوئے۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے جواب میں پاکستان نے 10 مئی 2025ء کو آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا جو پاکستان کی فوجی تاریخ کا ایک انتہائی اہم موڑ ثابت ہوا اور پاکستان کو نہ صرف دفاعی برتری حاصل ہوئی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
آپریشن بنیان مرصوص سے پاکستان نے بھارت کے خلاف قابل ذکر دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور واضح برتری حاصل کی۔ پاکستان نے پیشہ ورانہ دفاعی حکمت عملی اور مہارت سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید جنگی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے ثابت کیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کے آپریشن سندور کے خلاف پاکستان کی جانب سے ناقابل تسخیر دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا اور آپریشن بنیان مرصوص نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا تحفظ کرنے اور دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
دفاع کے شعبہ میں واضح برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی بھارتی بیانیہ کو کامیابی سے ناکام بنا کر برتری حاصل کی۔ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پاکستان نے نہ صرف دشمن کو بھر پور فوجی جواب دیا بلکہ عالمی سطح پر پر امن ریاست کے طور پر اپنا موقف بھی کامیابی سے پیش کیا اور بھارت پر اخلاقی برتری بھی حاصل کی۔ معرکہ حق، بنیان مرصوص میں پاکستان نے اپنی خود مختاری کا بھرپور دفاع کیا اور عالمی برادری میں پاکستان کی اخلاقی برتری کو بھی تسلیم کیا گیا۔ آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے پاکستان نے جنگی، دفاعی اور سفارتی محاذوں پر یکساں کامیابیاں حاصل کیں۔
اس آپریشن کا بنیادی مقصد پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کسی بھی قسم کی آنچ نہ آنے دینا تھا۔ آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو تقویت دی اور عالمی سطح پر یہ پیغام دیا کہ پاکستان اپنی آزادی اور سلامتی کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان نے اپنے جواب میں سول آبادیوں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچایا جبکہ دوسری جانب بھارت نے سول آبادیوں پر بزدلانہ حملے کئے اور معصوم شہری شہید ہوئے۔ مسلح افواج کے شانہ بشانہ عوام بھی یکجہتی کے ساتھ متحرک رہے۔ پاکستان کےدرست اور موثر جواب سے بھارت حواس باختہ ہو گیا اور جنگ بندی کی بھیک مانگنے کے لئے عالمی طاقتوں کے در پر ناک رگڑنے پر مجبور ہو گیا۔