پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

راولپنڈی۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 153ویں پی ایم اے لانگ کورس، 38ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 72ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15ویں مجاہد کورس اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی سے عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، قطر اور سری لنکا سمیت متعدد دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی گریجویشن کی ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نشان امتیاز (ملٹری) ہلال جرات نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی ۔

سربراہ پاک فضائیہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ممتاز کیڈٹس کو اعزازات سے بھی نوازا۔ 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر بلال نسیم کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔ 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر محمد سعد موسیٰ کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل اور 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کے دوست ملک نیپال سے تعلق رکھنے والے سینئر انڈر آفیسر پوبن کنور کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل جبکہ 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے جنٹلمین کیڈٹ مسعود الرحمان کو مارکس مین میڈل سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 38ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے انڈر آفیسر حیدر بن عابد کو چیف آف آرمی سٹاف کین سے نوازا گیا۔ 15ویں مجاہد کورس میں سارجنٹ پیر محمد عبداللہ شاہ کو چیف آف آرمی سٹاف کین دی گئی ۔72ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی بن وقار اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی انڈر آفیسر ولیہ زیب کو کمانڈنٹ کینز سے نوازا گیا۔