ریاض۔18اپریل (اے پی پی):سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے تمام حج مشنز اور حج خدمات فراہم کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ عازمین حج کورواں سال حج کی ادائیگی کے لیے سرکاری اجازت نامہ (پرمٹ) حاصل کرنے اور مقررہ قانونی طریقہ کار پر عمل کرنے کی آگاہی دیں۔العربیہ اردو کے مطابق یہ اقدام اللہ کےمہمانوں کی سلامتی کو یقینی بنانے، فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور انہیں مناسک کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔وزارت نے واضح کیا کہ فریضہ حج کی ادائیگی صرف انہی افراد تک محدود ہے ،جو متعلقہ اداروں سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کریں۔ بغیر اجازت حج کرنے کی کسی بھی کوشش کو صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسی تناظر میں وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقررہ ضوابط کی پابندی سے سکیورٹی اور نظم و نسق کے معیار میں اضافہ ہوتا ہے، ہجوم کے بہتر انتظام میں مدد ملتی ہے اور مقدس مقامات میں نقل و حرکت کو ہموار بنایا جا سکتا ہے، جس سے حج کا مجموعی تجربہ بہتر ہوتا ہے۔مزید برآں وزارت نے بتایا کہ حج کے گزشتہ سیزن کے اختتام کے فوراً بعد ہی حج مشنز اور سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔اس سلسلے میں باقاعدہ اجلاسوں اور آگاہی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ قوانین و ہدایات سے متعلق شعور بڑھایا جا سکے اور اعلیٰ ترین سیکیورٹی، نظم و نسق اور خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔