اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):جرمنی، فرانس، ہالینڈ، اٹلی، برطانیہ، کینیڈا، ڈنمارک اور اسپین سمیت مغربی ممالک نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے ہمراہ بدھ کو امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی دو ہفتوں کی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک مشترکہ اعلامیہ میں رہنماؤں ،جن میں ایمانوئل میکرون، جارجیا میلونی، فریڈرک مرز، کیئر اسٹارمر، مارک کارنی، میٹے فریڈرکسن، کیریاکوس میتسوتاکس، پیڈرو سانچیز، ارسولا وان ڈیر لیئن اور انتونیو کوسٹا شامل ہیں، نے اس اہم معاہدے میں ثالثی کے کردار پر پاکستان اور تمام شراکت داروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس پیشرفت کو شیئر کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ کو اجاگر کیا اور بتایا کہ رہنماؤں نے جنگ بندی کا خیرمقدم کیا اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان مفاہمت میں پاکستان کے سہولت کار کردار کو سراہا۔ مشترکہ اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اب مقصد یہ ہونا چاہیے کہ آئندہ دنوں میں سفارتی ذرائع کے ذریعے تنازعہ کے فوری اور پائیدار خاتمے کے لیے مذاکرات کیے جائیں، ایک ٹھوس مذاکراتی حل کی جانب پیش رفت ایران میں شہریوں کے تحفظ اور وسیع تر خطے کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہوگی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ سفارتی حل ایک سنگین عالمی توانائی بحران کو ٹالنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے اور تمام فریقین سے جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی اپیل کی گئی، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔ رہنمائوں نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کی کوششوں میں اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا اور سمندری سلامتی کو علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔