پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن عبدالکریم تورڈھیر خیبر پختونخوا (کے پی) اسمبلی میں اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔
دوران اجلاس عبدالکریم نے سوال اٹھایا کہ 50 لاکھ گھر، 10 لاکھ نوکریاں، ٹورازم اور آئی ٹی کہاں ہیں؟ گزشتہ اجلاس میں سچ بولا تو مشیرخزانہ مزمل اسلم خفا ہوگئے۔
عبدالکریم کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں سے ہماری اسکیمیں ہٹا دی جاتی ہیں، ہمیں انصاف کرنا پڑے گا، پک اینڈ چوز کا سلسلہ بند کریں۔
رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوابی سب سے زیادہ آمدن والا ضلع ہے اور ہم خوار ہو رہے ہیں،کرک میں کینسر پھیل رہا ہے، وہاں اے گریڈ اسپتال نہیں، ہم سستی بجلی پیدا کر رہے ہیں لیکن نظام اپڈیٹ نہیں ہو رہا۔
عبدالکریم کا کہنا تھا کہ قانون سازی کرنی چاہیے، ہمیں حقوق کیوں نہیں مل رہے، لوگ دریاؤں میں مفت مچھلیاں پکڑ رہے ہیں،کوئی نظام نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں گڈگورننس صرف پریزنٹیشن میں ہے