اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):چیس ایسوسی ایشن پنجاب کے سیکرٹری راجہ گوہر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت چیس اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ، حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج ابھر کر سامنے آیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیس ایسوسی ایشن پنجاب کے سیکرٹری راجہ گوہر اقبال نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
راجہ گوہر اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ، ہمارے نوجوان اور بچے باصلاحیت ہیں اور زندگی کے ہر ایک شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا کیونکہ کھیل ذہنی صلاحیتوں کو ابھارنے میں مدد کے ساتھ ساتھ جسمانی طور پر بھی انسان کو قوت بخشتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور نوجوانوں کو کھیلوں میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں راجہ گوہر اقبال نے بتایا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے ، جمعہ 6 مارچ سے پنجاب سپورٹس بورڈ، نشتر پارک لاہور میں پنجاب کلاسیکل اوپن چیس چیمپئن شپ منعقد ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا ایونٹ میں ملک بھر سے چیس کے کھلاڑی شرکت کریں گے ، ایونٹ سپورٹس بورڈ پنجاب اور چیس ایسوسی ایشن پنجاب کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جس میں چیس ایسوسی ایشن پنجاب اس ایونٹ کو تکنیکی سپورٹ فراہم کرے گی۔
راجہ گوہر اقبال نے بتایا کہ دو روزہ ایونٹ کا آغاز 6 مارچ کو رات 9 بجے ہوگا جس میں مختلف کھلاڑی صبح سحری تک مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیس ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف کی قیادت میں گزشتہ 3 سالوں میں کھیلوں کے میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیس چیمپئن شپ ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں دماغی کھیلوں کو فروغ دینا ہے تاکہ نوجوان نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوائیں ۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں فاتح کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جس میں اوپن کیٹگری کو 3 لاکھ روپے ، ویمن کیٹگری کے لیے ایک لاکھ روپے جبکہ انڈر 16 کھلاڑیوں کے لیے ایک لاکھ روپے کے انعام مختص کیے گئے ہیں ۔
راجہ گوہر اقبال نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو فری رہائش مہیا کی جائے گی ،اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے شائقین افراد کے لیے بھی ایونٹ میں داخلہ فری رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیس ایسوسی ایشن ملک میں چیس کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور پنجاب سپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے ۔