مشرق وسطیٰ کی غیر یقینی اور تغیر پذیر صورتحال پہلے ہی غیر مستحکم عالمی معاشی ماحول میں مزید پیچیدگی پیدا کر رہی ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ

واشنگٹن۔3مارچ (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے کہاہے کہ مشرق وسطیٰ کی غیر یقینی اور تغیر پذیر صورتحال پہلے ہی غیر مستحکم عالمی معاشی ماحول میں مزید پیچیدگی پیدا کر رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ترجمان نے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اب تک ہم نے تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں تعطل، توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ اور مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھائو کا مشاہدہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ صورتحال بدستور نہایت غیریقینی اور تغیر پذیر ہے جو پہلے ہی غیر مستحکم عالمی معاشی ماحول میں مزید پیچیدگی پیدا کر رہی ہے۔ اس مرحلے پر خطے اور عالمی معیشت پر اس کے معاشی اثرات کا درست اندازہ لگانا قبل از وقت ہے اور یہ اثرات تنازع کے دائرہ کار اور مدت پر منحصر ہوں گے۔ترجمان نے بتایا کہ اپریل میں شائع ہونے والے ورلڈ اکنامک آئوٹ لک میں اس حوالے سے جامع جائزہ پیش کیا جائے گا۔