کوئٹہ۔ 03 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق مستحق اور محنت کش طبقے کو رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں حکومت بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر گزشتہ شب پردہ کلب سبی میں مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ راشن کی تقسیم ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی سربراہی اور اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یوٹی ڈاکٹر میر حمزہ لاشاری، اسسٹنٹ کمشنر یوٹی انضمام قاسم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ پردہ کلب میں دہپال، کڑک، مرغزانی، مل گشکوری اور میونسپل کمیٹی سبی کے دیگر وارڈز سے تعلق رکھنے والے مستحقین کو باقاعدہ سروے اور جانچ پڑتال کے بعد راشن فراہم کیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے تقسیم کے عمل کو منظم اور شفاف بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے تاکہ حقیقی حقداروں تک امداد بروقت پہنچ سکے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک میں کوئی بھی مستحق خاندان ریلیف سے محروم نہ رہے۔ مستحقین نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سبی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔