تمام محکموں میں آنے والی خالی آسامیوں پر آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے تقرریوں کو یقینی بنایاجائے ،چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ۔ 03 مارچ (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خالی آسامیوں پر مصنوعی ذہانت(اے آئی)کے تحت تعیناتیاں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، مختلف فورمز پر عوامی شکایات کا ازالہ، گوگل ورک سپیس، دفاتر میں آفیسران و عملے کی حاضری کو یقینی بنانا اور عوام کی معیار زندگی کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعیناتیوں کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیوں کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مخلص، محنتی اور اہل افراد کو عہدوں پر لانا ہے تاکہ عوامی خدمات میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں میں آنے والی خالی آسامیوں پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تقرریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تقرریوں کا یہ دو سے

تین مہینوں کے دوران مکمل کئے جائیں تاکہ نوجوانوں کی میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں ممکن ہو۔

اجلاس کو خالی آسامیوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 14 ہزار اُمیدواروں کو تقرری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنائیں جن سے عوام کی معیار زندگی بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے سیکرٹریٹ اور لائن ڈیپارٹمنٹس میں آفیسران اور عملے کی باقاعدہ حاضری کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس کو اس موقع پر بتایا گیا کہ آفیسران کی حاضری میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ فائل ٹریکنگ سسٹم اور پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب سے درج شکایات کو فوری طور پر حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اور جو کیسز پینڈنگ یا اوور ڈیو ہیں ان کو بھی جلد ازجلد حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پچھلے مالی سال کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دفعہ زیادہ منصوبہ بندی اور شفافیت کے ساتھ پی ایس ڈی پی کی تیاری کرنے کا عزم کیا ہے، تاکہ قومی ترقی کے اہداف کی تکمیل میں کردار ادا کیا جا سکے۔