
رحیم یار خان(ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس،جس میں ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول، گرانفروشی کے خلاف جاری اقدامات اور مجسٹریٹس کی مجموعی و انفرادی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنرکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 3 ہزار 35 انسپکشنز، 1 لاکھ 27 ہزار روپے جرمانے، 2 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ 5 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح یکم رمضان المبارک سے تاحال 28 ہزار 456 انسپکشنز کے دوران 722 خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 23 لاکھ 98 ہزار 508 روپے جرمانہ، 56 دکانیں سیل اور 90 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو ماہِ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید مؤثر بنائیں، نرخ ناموں کی آویزانی، معیار اور وزن کی سخت جانچ کو یقینی بنائیں اور گرانفروشی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور منڈیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔