اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے ایران اور دیگر خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی سہولت اور معاونت کےلئے جامع اقدامات کئے ہیں، پاکستان نے مختلف مسلم ممالک کے وزارئے خارجہ اور سفارتکاروں سے رابطہ کیا ہے، چاہتے ہیں کہ خلیجی ممالک سفارتکاری کی طرف لوٹیں۔ نائب وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال بالخصوص خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے مسئلہ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے پوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے، اگر صورتحال نازک ہوتی ہے تو اس کا اثر ہم پر بھی آئے گا، چین بھی چاہتا ہے کہ خطے میں امن بحال ہو۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کی معاونت کےلئے خصوصی سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ چوبیس گھنٹے فعال ہے اور اس کے رابطہ نمبرز سرکاری ایکس ہینڈل پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے شہروں تہران، زاہدان اور مشہد میں تین سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ پاکستانیوں کی رہنمائی اور مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی ہر ممکن معاونت کےلئے پاکستان مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ابوظہبی میں پاکستان کا سفارت خانہ اور جدہ و دبئی میں قونصل خانے پاکستانی شہریوں کی فعال معاونت کررہے ہیں۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے بحرین، اومان، کویت، سعودی عرب، قطر، ایران اور آذربائیجان کا پاکستانی برادری کے ساتھ تعاون اور مدد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 792 پاکستانی ایران سے واپس آچکے ہیں جبکہ تقریباً 33 ہزار پاکستانی اس وقت وہاں مقیم ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سمیت کئی ممالک کے شہری ایران اور بعض خلیجی ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ اومان اور سعودی عرب کے علاوہ فضائی حدود بند ہیں تاہم زمینی راستے کھلے ہیں جو اگرچہ وقت طلب ہیں لیکن کئی ممالک ان کے ذریعے انخلاء کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی فضائی حدود بھی بند ہے اس لئے عراق میں موجود پاکستانی زائرین کی بھی معاونت کی جا رہی ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ابوظہبی میں میزائل گرنے سے ایک پاکستانی شہری شہید ہوا ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران اور خلیجی ممالک میں صورتحال ابتر ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ خلیجی ممالک سفارتکاری کی طرف لوٹیں، ایران اور خلیجی ممالک کے فضائی روٹس بند ہیں، پاکستان سمیت کئی ممالک کے افراد ایران اور خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ خلیجی ممالک میں تقریباً 45 لاکھ پاکستانی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک زمینی راستوں کو استعمال کر رہے ہیں، ابوظہبی میں سفارت خانہ اور جدہ اور دبئی میں قونصل خانے فعال ہیں، ایران میں 3 سینٹرز تہران، زاہدان اور مشہد میں فعال ہیں، خصوصی سہولت ڈیسک کا مقصد پاکستانیوں کی مدد ہے، 300 کے قریب ایرانی بھی پاکستان آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باکو سے پروازیں آپریشنل ہیں، ایران سے 64 پاکستانی آذربائیجان پہنچے ہیں، پاکستانیوں کے انخلاءمیں معاونت پر آذربائیجان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان داخلے پر اپنے شہریوں کی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔