ہمارا مقصد فائنل کھیلنا اور جیتنا ہے،تمام تر توجہ کارکردگی پر ہے ،قومی کرکٹر عثمان طارق

کولمبو ۔17فروری (اے پی پی):قومی کرکٹر عثمان طارق نے کہا ہےکہ ہمارا مقصد فائنل کھیلنا اور جیتنا ہے، ہم صرف اپنی کارکردگی پر فوکس کرتے ہیں اور یہ نہیں دیکھتے کہ ہمارے سامنے حریف کون ہے۔ ہر میچ کے لیے ہماری تیاری بھرپور ہے اور ہمیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانی ہوتی ہے۔

کولمبو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں، لیکن ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے۔

جہاں تک ہماری باؤلنگ کی بات ہے، ہم نے جو کمزوریاں محسوس کی تھیں، ان پر کام کیا ہے اور ان کو دور کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاکہ آئندہ ہمیں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔عثمان طارق نے بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا بھارت کے خلاف ہمیشہ ہائی پریشر میچ ہوتا ہے، لیکن ہم نے اس مقابلہ کے لیے بھرپور تیاری کی تھی۔ ہماری ٹیم میں کسی قسم کا پریشر نہیں ہے، ہم صرف اپنے کھیل پر فوکس رکھتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم پاکستان کے لیے بہت اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی کارکردگی ہمیشہ شاندار رہی ہے۔ ان دونوں نے ہمیشہ کٹھن حالات میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو سہارا دیا ہے۔

وہ خراب میچ کے بعد بھی اچھا کھیل دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو کہ ایک عظیم کھلاڑی کی پہچان ہوتی ہے۔عثمان طارق نے آخر میں کہا کہ ہمیں کبھی بھی مخالف ٹیم کے حوالے سے زیادہ فکر نہیں کرنی چاہیے۔ جو بہترین کمبی نیشن بنے گا، ہم اسی کے مطابق اپنی پلئینگ الیون منتخب کریں گے اور میدان میں اپنی مکمل صلاحیتیں دکھائیں گے۔