ویانا ۔17فروری (اے پی پی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ویانا میں منعقدہ پاکستان۔آسٹریا اعلیٰ سطح کے بزنس راؤنڈ ٹیبل سے افتتاحی خطاب کے دوران کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق تقریب کا انعقاد آسٹریئن فیڈرل اکنامک چیمبر میں ہوا اور اس کی صدارت وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کی۔ فورم میں دونوں ممالک کی ممتاز کاروباری شخصیات نے شرکت کی جو پاکستان۔آسٹریا تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
نائب وزیرِاعظم نے اس موقع پر پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے آسٹریا کی تکنیکی مہارت اور پاکستان کی متحرک منڈی اور نوجوان افرادی قوت کے درمیان فطری ہم آہنگی کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے آسٹریا کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کاروباری روابط کے فروغ، ادارہ جاتی تعاون میں وسعت اور مسلسل سیاسی رابطوں کے ذریعے نہ صرف آسٹریا کے ساتھ بلکہ وسیع تر یورپی خطے میں بھی ترقی، باہمی روابط اور طویل المدتی معاشی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔