پولیس سکیورٹی پلان تیار،رمضان المبارک میں 1 ہزار افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے

رحیم یارخان (ویب ڈیسک ) پولیس سکیورٹی پلان تیار رمضان المبارک میں 1 ہزار افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، 289 مقامات پر نماز تراویح و عبادات کا انعقاد ہو گا پولیس رمضان دسترخوانوں، رمضان بازار، مارکیٹس اور بازار ہائے کو بھی سکیورٹی فراہم کرے گی، ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے چیکنگ سخت کی جائے گی جدید ٹیکنالوجی سے افراد کے ریکارڈ کی پڑتال ہو گی۔ تفصیل کے مطابق ڈی پی او عرفان علی سموں کی ہدایات اور احکامات پر ضلع بھر میں نماز تراویح و دیگر عبادات کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ہمہ قسم کی شر پسندی کے انسداد کے لیے پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے جس میں 289 مساجد و امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے لیے 6 سرکل پولیس افسران، 27 ایس ایچ اوز، 143 اعلی پولیس افسران اور 758 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں مساجد و امام بارگاہوں کی مقامی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ 505 رضا کار بھی سکیورٹی پلان کا حصہ ہوں گے، پولیس اس دوران رمضان دسترخوانوں، سہولت بازاروں، مارکیٹس اور بازاروں میں بھی سکیورٹی الرٹ رکھے گی کس کے لیے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے، ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی جاری رہے گی، جہاں پر گزرنے والی گاڑیوں اور اشخاص کی سخت چیکنگ کرتے ہوئے وہیکلز کی اور مشکوک افراد کی تلاشی اور جدید ٹیکنالوجی سے ریکارڈ کی پڑتال کی جائے گی۔