ریاض۔17فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ اور مسجدالحرام و مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی جنرل اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مسجد الحرام، مسجد نبوی اور زائرین کی خدمت سے وابستہ سہولت فراہم کرنے والےمتعدد مقامات کا دورہ کیا اور آپریشنل اور سروس کی تیاریوں کی سطح کا جائزہ لیا ۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے ہجوم کے انتظام کے فیلڈ منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے اقدامات،معتمرین و نمازیوں کی نقل و حرکت میں روانی کو یقینی بنانے اور ضیوف الرحمن کی خدمت کے نظام میں کام کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی سطح کا بھی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حرمین شریفین میں فراہم کی گئی خدمات کے نظام کا بھی معائنہ کیا، ان خدمات میں 10 ہزار سے زیادہ دستی وہیل چیئرز اور 400 سے زائد الیکٹرک وہیل چیئرز شامل ہیں جو بزرگوں اور معذور افراد کے لیے مختص ہیں، اس کے علاوہ مناسک سے فارغ ہونے پر حلق یا قصر کی خدمت فراہم کرنے کے لیے 12 خصوصی گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ زائرین کی دیکھ بھال کے لیے 31 مراکز فعال کیے گئے ہیں جو 13 مختلف خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان خدمات میں گمشدہ افراد کی دیکھ بھال، بزرگوں، معذوروں اور بچوں کی مدد اور شناختی کڑے کی فراہمی شامل ہے۔تیاریوں کے سلسلے میں حرمین شریفین کے اندر 30 موبائل گائیڈنس پوائنٹس بھی فعال کیے گئے ہیں جو 20 بنیادی زبانوں میں خدمات فراہم کرتے ہیں۔
اس سہولت سے معلومات تک رسائی آسان ہوتی ہے اور مختلف قومیتوں کے زائرین کے ساتھ رابطے کا معیار بلند ہوتا ہے۔ تیاریوں میں سامان رکھنے کے 4 مراکز کی مفت اور 24 گھنٹے فراہمی بھی شامل ہے۔ بچوں کی دیکھ بھال کے 3 مراکز اور ایک انٹرایکٹو نقشہ بھی دستیاب کیا گیا ہے جو حرمین کے اندر زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ7عالمی زبانوں میں نماز کی گائیڈفراہم کی گئی ہے۔فیلڈ رہنمائی کے نظام کو پیدل ٹیموں کے ذریعے مزید بہتر بنایا گیا ہے اور رش کے اوقات میں معتمرین و نمازیوں کے تجربے کو بہتر بنانے اور راستوں کی تنظیم کے لیے کثیر لسانی کلر کوڈنگ سسٹم اپنایا گیا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے نسک عنایہ کے 30 سے زائد مراکز کے ذریعے فراہم کردہ سپورٹ سروسز کے بارے میں بریفنگ سنی۔ اس میں 500 سے زائد رضاکار شریک ہیں۔ اس کے علاوہ تمام داخلی راستوں پر 595 ملازمین کے ذریعے استقبال، خوش آمدید اور رہنمائی کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔نگرانی کے پہلو میں 410 ملازمین پر مشتمل ٹیمیں عمرہ کمپنیوں کی تیاری اور قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے معائنہ کرتی ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد معائنہ دورے کیے جا چکے ہیں۔ ڈیجیٹل اور میدانی نگرانی کے ٹولز کے ذریعے دیکھے گئے مسائل کا فوری حل نکالا جا رہا ہے۔
اپنے دورے کے اختتام پر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ یہ کوششیں قیادت کی ہدایات پر عملدرآمد اور حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی بہترین دیکھ بھال کے لیے مملکت کی خواہش کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سیزن میں آپریشنل تیاریوں کا نظام مسلسل ترقی کے سفر کا تسلسل ہے۔ یہ ضیوف الرحمن کی خدمت کے پروگرام کے اہداف کے حصول میں معاون ہے۔ یہ پروگرام سعودی ویژن 2030 کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔اس موقع پر اتھارٹی کے سی ای او انجینئر غازی الشہرانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔