ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

ہینڈ آؤٹ نمبر019
رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول، سرکاری نرخناموں کے نفاذ اور عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) لاریب اسلم، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس کے دورے، قیمتوں کی چیکنگ، جرمانے اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں اور فیلڈ میں کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو خود ساختہ مہنگائی سے حقیقی ریلیف فراہم ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرانفروشی، ناپ تول میں کمی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخنامے آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ انسپیکشن یقینی بنائیں، ریٹس لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کروائیں اور صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی کے ذمہ دار افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس کے دوران عوامی شکایات کے فوری ازالے، ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم کو مؤثر بنانے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر کرنے پر بھی زور دیا گیا۔