بہ تسلیمات ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ حکومت پنجاب
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس رحیم یار خان
مورخہ 07 جنوری 2026
ہینڈ آؤٹ نمبر018


رحیم یار خان (ویب ڈیسک )ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے پیرا فورس انفورسمنٹ افسران کی بھرتیوں کے سلسلہ میں منعقدہ رننگ ٹیسٹ کا دورہ کیا اور موقع پر موجود انتظامات، شفافیت اور امیدواران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔پیرا فورس میں شمولیت کے خواہشمند امیدواران کے لیے ایک میل طویل دوڑ کا فاصلہ رکھا گیا تھا، جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین امیدواران نے شرکت کی۔ مرد امیدواران کے لیے مقررہ وقت میں دوڑ مکمل کرنا لازمی شرط تھی جبکہ خواتین امیدواران کو بھی ایک میل مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنا لازم قرار دیا گیا تھا۔ یہ دوڑ بستی کہور پل سے دڑی سانگھی تک منعقد کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے رننگ ٹیسٹ کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات اور نظم و ضبط کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتیوں کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ اہل اور باصلاحیت امیدواروں کا انتخاب ممکن بنایا جا سکے۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر آفیسر رانا ریاست علی، ایس ڈی ای او پیرا فورس ضیاء اللہ گوندل بھی موجود تھے۔ بھرتیوں کے عمل کی نگرانی ضلعی انتظامیہ، پیرا فورس، پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیموں کے اشتراک سے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے امیدواران کے جذبے اور جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی یہ بھرپور شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ عوام قانون کی عملداری اور امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیرا فورس میں شامل ہونے والے نوجوان ضلع میں نظم و ضبط اور عوامی تحفظ کو مزید مضبوط بنائیں گے۔