(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مسیحی برادری کے مستحق خاندانوں کو بھی کرسمس کی خوشیاں منانے کے لیے خصوصی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔
اس سلسلہ میں ضلع شیخوپورہ کے 605 مسیحی مستحق خاندانوں کو فی کس 15 ہزار روپے کے چیک دیئے گئے ہیں، ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کی طرح شیخوپورہ میں بھی مسیحی برادری کے مستحق خاندانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب ضلع کونسل ہال میں ہوئی۔
تقریب کےدوران ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد اسسٹنٹ کمشنر عمران علی ہرل اور ایڈمن آفیسر ڈپٹی کمشنر آفس سید اظہر گیلانی کے ہمراہ چیک تقسیم کیے
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ متوسط طبقے کا خیال رکھا ہے اور ان کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے تاریخی نوعیت کے اقدامات اٹھائے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے اس موقع پر مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی جبکہ اس موقع پر ملکی ترقی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی