پاکستان نیوی نے 9 دسمبر کو قومی جذبے اور عسکری فخر کے ساتھ ’’ہنگور ڈے‘‘ منایا

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان نیوی 9 دسمبر کو قومی جذبے اور عسکری فخر کے ساتھ ’’ہنگور ڈے‘‘ منا رہی ہے، جو آبدوز پی این ایس ہنگور کی تاریخی فتح اور پاک بحریہ کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا ہے۔9 دسمبر 1971 کو پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے دشمن کے بحری جہاز آئی این ایس کُکری کو سمندر برد جبکہ آئی این ایس کرپان کو شدید نقصان پہنچا کر بھارتی بحری غرور کو خاک میں ملا دیا تھا۔ یہ کارروائی دنیا کی بحری تاریخ کی چند کامیاب ترین آبدوز حملوں میں شمار کی جاتی ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہنگور ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 9 دسمبر 1971 کو ہنگور کے جانباز عملے نے دلیری اور قربانی کی ایسی درخشندہ تاریخ رقم کی جو آج بھی دشمن کے ذہنوں پر نقش ہے۔ 1971 میں بھی پاک بحریہ دشمن کے لیے سمندر میں سیسہ پلائی دیوار تھی اور آج بھی یہ ملک کی بحری سرحدوں پر مضبوط آہنی فصیل ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر اپنی خودمختاری اور دفاع وطن کے لیے عزمِ محکم رکھتا ہے۔

اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ ہنگور کی درخشاں روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مزید مضبوط ہو رہی ہے اور 8 جدید ہنگور کلاس آبدوزیں عنقریب پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو رہی ہیں، جو بحری دفاع کو مزید ناقابلِ تسخیر بنائیں گی۔ پاک بحریہ آج بھی اپنے شاندار ماضی کی طرح دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ہنگور ڈے کے موقع پر پاک بحریہ نے ایک خصوصی دستاویزی فلم “ہدف” بھی جاری کی ہے، جو آبدوز ہنگور کے کمانڈنگ آفیسر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) احمد تسنیم کی وار ڈائری پر مبنی ہے۔

یہ فلم پاک بحریہ کے تمام سب میرینرز کی جرات، ایثار اور قربانی کی عظیم روایات کی حقیقی عکاس ہے۔ہنگور ڈے نہ صرف ایک تاریخی فتح کی یاد دہانی ہے بلکہ یہ دن پاکستانی قوم اور افواج کے اس عزم کی علامت بھی ہے کہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور رہے گا۔

– –