کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے ادارے مضبوط، غیر جانبدار اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوں

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے ادارے مضبوط، غیر جانبدار اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوں، پاکستان نے وقت کے ساتھ احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں، آج ہم دنیا کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کا انسداد بدعنوانی دن منا رہے ہیں، یہ دن یاد دلاتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم دنیا کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کا انسداد بدعنوانی دن منا رہے ہیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یہ دن 2003 میں اس لئے مقرر کیا تھا کہ بدعنوانی سے ہونے والے نقصانات پر عالمی توجہ مبذول کرائی جائے اور اس کنونشن کی اہمیت اجاگر ہو جس کا مقصد کرپشن کو روکنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی عوام کا اعتماد کمزور کرتی ہے، اداروں کی کارکردگی متاثر کرتی ہے اور وسائل ان لوگوں تک نہیں پہنچنے دیتی جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، یہ ترقی کی رفتار سست کر دیتی ہے، قانون کی بالادستی پر یقین گھٹاتی ہے اور بنیادی سرکاری خدمات کو بھی متاثر کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے ادارے مضبوط، غیر جانبدار اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وقت کے ساتھ احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں، مختلف مالی بے ضابطگیوں، اختیارات کے غلط استعمال اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کے کیسوں میں سرکاری رقوم لوگوں سے واپس لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف ملا اور کئی اداروں کو ان کے اثاثے واپس ہوئے، یہ مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ جب ادارے دیانت سے کام کریں اور اپنے قانونی دائرے میں رہیں تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ احتساب کے ادارے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہیں، کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کریں اور اپنی کارروائیوں کو صرف قانون اور شفاف طریقہ کار کے مطابق چلائیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شفافیت، پیشہ وارانہ معیار اور اخلاقی طرز عمل ہی اداروں کی ساکھ بناتے ہیں، جو ادارے ان اصولوں کو اپناتے ہیں وہ نہ صرف بدعنوانی کو روکتے ہیں بلکہ عوام کا اعتماد بھی مضبوط کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں تمام سرکاری ملازمین، پیشہ ور افراد اور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایمانداری اور اچھی حکمرانی کے عزم کا اعادہ کریں، دیانتداری پر قائم ہمارا اجتماعی عزم پاکستان کے اداروں کو مضبوط کرے گا اور قومی استحکام اور ترقی کے سفر میں مدد دے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں شفافیت اور احتساب کیلئے کام کرنے والی تمام تنظیموں کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ وہ پاکستان میں ایک صاف اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔