
اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بدعنوانی کے انسداد کیلئے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ منگل کو انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ 2025 میں یہ دن “نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف: ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد” کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے، یہ عنوان ہمہ جہتی اور ہر عمر کی آبادی کی شمولیت سے اس برائی کے خاتمہ کرنےکی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارا بیش قیمت اثاثہ اور پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہیں،جدید دور میں بدعنوانی کی نوعیت اور طریقہ کار تیزی سے بدل رہے ہیں اس لئے نوجوانوں کی اس کے سد باب میں شمولیت سے اس ناسور کو مؤثر انداز میں ختم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔انسداد بدعنوانی کاعالمی دن دنیا بھر کے افراد کو یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ وہ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مالی بدعنوانی نہ صرف ملکی انتظامیہ کو کمزور کرتی ہے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، معاشرتی انصاف و مساوات، معاشی ترقی اور فلاحی ریاست کے بنیادی اصولوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔
انہوں نے مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانے کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے اور بڑی تندہی سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ انتظامی ، مالیاتی اور ادارہ جاتی سمیت ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مالی بد عنوانی کے خلاف قانونی کارروائیوں اور قومی وسائل کے تحفظ کے لئے نیب کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل میں انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے بھی نیب کی کاوشوں کو سراہا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ منظم مالی جرائم کے باعث اپنی رقوم سے محروم ہونے والے شہریوں کی بروقت داد رسی سے بھی نیب پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان اس معاشرتی برائی کے خاتمے کے لئے موثر شراکت داری کررہا ہے ۔
پاکستان کا اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ تعاون اور باہمی قانونی معاونت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط عالم شراکت داری کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم یکجہتی، مشترکہ مقصد اور شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل میں ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت پورے معاشرے کی سطح پر ہر طبقہ اور رہنماؤں کو شامل کرتے ہوئے اس کے خلاف جدو جہد کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائےگا۔