اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):ایس ای سی پی نے گیلپ پاکستان کے تعاون سے کیے گئے جامع “سٹیک ہولڈر پرسیپشن اینڈ فیڈ بیک سروے” کے نتائج جاری کر دیئے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا سروے ہے جو ریگولیٹر کی جانب سے کیا گیا جس میں ایس ای سی پی کی شفافیت اور مارکیٹ کے موثر انتظام پر بلند اعتماد ظاہر ہوا ہے جبکہ کچھ شعبوں میں عملی بہتری کی ضرورت کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
منگل کے روز سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سروے جس میں کارپوریٹ رجسٹریز، کیپٹل مارکیٹس، انشورنس اور این بی ایف سی سیکٹر شامل تھے، نے ایس ای سی پی کے ارادوں پر مسلسل اعتماد ظاہر کیا۔ سٹیک ہولڈرز نے ریگولیٹر کی سالمیت کے حوالے سے 5 میں سے 3.1 سے 3.6 تک سکور دیئے۔ گیلپ پاکستان کے مطابق یہ مثبت تاثر خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ پاکستان میں عموماً سرکاری اداروں کے سکور ایک محتاط اور کم حد تک محدود رہتے ہیں۔
نتائج میں صارف کے تجربے سے متعلق چند اہم کمزوریاں بھی سامنے آئیں۔ سٹیک ہولڈرز خصوصاً کارپوریٹ رجسٹری کے شعبے میں سوالات کے جواب کے دورانیے (ٹی اے ٹی)، قواعد و ضوابط کی وضاحت اور سپورٹ چینلز کے بروقت ردِعمل سے متعلق چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہیں۔ان نتائج کے جواب میں، ایس ای سی پی نے ایک فوری حکمتِ عملی اپنانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ایک زیادہ تیز، موثر اور کاروبار دوست ریگولیٹری ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
ایس ای سی پی کے چیئرپرسن عاکف سعید نے کہا کہ ہم گیلپ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ نتائج اور سفارشات کو تسلیم کرتے ہیں، جہاں ہمیں اس اعتماد پر خوشی ہے جو مارکیٹ ہماری دیانت داری پر کرتی ہے، وہیں ہم اپنے سٹیک ہولڈرز کے وقت کا احترام کرنے کے بھی پابند ہیں۔
اسی لیے ایس ای سی پی عام عوام کے لیے سادہ زبان میں تحریری اور ویڈیو مواد تیار کرنے کی حکمت عملی بنا رہا ہے اور شکایات نمٹانے اور کال سینٹرز کے ٹرن ارائونڈ ٹائم کا سختی سے جائزہ لینے کے اقدامات کر رہا ہے۔ایس ای سی پی کا ارادہ ہے کہ وہ اس سروے کو باقاعدگی سے دہرائے تاکہ نشاندہی کیے گئے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو جانچا جا سکے اور سٹیک ہولڈرز کی جانب سے ظاہر کیے گئے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام جاری رکھا جا سکے۔