قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کی سکیورٹی کیلئے20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکارڈیوٹی سرانجام دیں گے,ترجمان

لاہور۔22نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب میں 13 قومی و صوبائی حلقوں میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کی سکیورٹی کے فرائض کی انجام دہی کے لیے 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ووٹرز کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرے گی تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اور اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ الیکشن میٹریل کی ترسیل اور آمدورفت جاری ہے جس کی محفوظ ترسیل کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبے بھر کے 939 مردانہ، 889 زنانہ اور 964 جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس فورس تعینات ہے، جبکہ مجموعی طور پر 2792 پولنگ اسٹیشنز میں سے 408 کو انتہائی حساس اور 1032 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں اور پولنگ کے عمل کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔ سیکورٹی کی نگرانی سنٹرل پولیس آفس، سیف سٹیز اتھارٹی اور اضلاع کے کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ رومز سے کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس پراعتماد ہے اور انشا اللہ ضمنی انتخابات کا انعقاد پرامن ماحول میں یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد سکیورٹی، لاجسٹکس، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹیشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی معاونت سے دہشت گرد، شرپسند اور ملک دشمن عناصر کی ہر بزدلانہ کوشش کو بری طرح ناکام بنائیں گے۔پنجاب کانسٹیبلری، پی ایچ پی، ایلیٹ فورس، ایس پی یو، اور ٹریننگ برانچ کے اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، جبکہ لیڈیز پولنگ اسٹیشنز اور بوتھ پر خواتین پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گی۔ ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب پولیس کو رینجرز اور پاک فوج کی مکمل معاونت بھی حاصل ہے۔ ڈولفن سکواڈ، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی سمیت تمام فارمیشنز کو الیکشن سکیورٹی پلان میں شامل کیا گیا ہے۔