راولپنڈی۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کر لی۔ گرین شرٹس نے 129 رنز کا ہدف سولہویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد نواز کو 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔
ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان ڈاسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو فائدہ مند ثابت نہ ہوا۔ آئی لینڈرز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز ہی بنا سکے۔ جنیتھ لیانگے نے سب سے زیادہ 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوسال پریرا 25، کامل مشرا 22 اور پاتھم نسانکا 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف صاحبزادہ فرحان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 15.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 5 فلک شگاف چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ صائم ایوب 20، بابر اعظم 16 جبکہ کپتان سلمان آغا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے دو جبکہ ڈاسن شناکا نے ایک وکٹ حاصل کی۔