اردن کے شاہ عبداللہ دوم اپنے دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے،ہوائی اڈے پر صدر اور وزیراعظم نے استقبال کیا

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم اپنے دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے، ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور انکے اعلی سطحی وفد کا استقبال کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ دوم پاکستان کے دورہ پر ہفتہ کو اسلام آباد پہنچے ، شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان، اردن اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث ہوگا۔شاہ عبداللہ دوم کچھ ہی دیر میں وزیرِ اعظم ہاؤس جائیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس میں شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوگی اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔ شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ، پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔