آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریائوں میں سیلاب کا خدشہ ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے

لاہور۔24اگست (اے پی پی):آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریائوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 27 اگست تک بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔پنجاب کے نارتھ اور نارتھ ایسٹ اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔بارشوں کے باعث دریائے جہلم ،چناب، راوی ، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

دریائے جہلم اور چناب میں آئندہ 48 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ترجمان کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کی کا سیلاب ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے۔ ییڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 90 ہزار کیوسک اور اخراج 82 ہزار کیوسک ہے۔اسی طرح دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔

دریائے سندھ میں تونسہ، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر 49 ہزار ،شاہدرہ 14ہزار ،بلوکی41 ہزاراورہیڈ سدنائی میں پانی کا بہائو 36 ہزار کیوسک ہے ۔نارروال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں ۔فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی ۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔دریائوں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں ۔بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں دریائوں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔