ضلع رحیم یار خان میں بھی ”آپریشن بُنیان مّرصُوص“ کی تاریخی کامیابی کو معرکہ حق کا نام دیتے ہوئے ”یوم تشکر“ کے طورپر ملی جوش و خروش اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا

رحیم یار خان(ویب ڈیسک)وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی ”آپریشن بُنیان مّرصُوص“ کی تاریخی کامیابی کو معرکہ حق کا نام دیتے ہوئے ”یوم تشکر“ کے طورپر ملی جوش و خروش اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی جانب سے ”یوم تشکر“ کو منانے کے لئے خصوصی پلان مرتب کیا گیا جس کے تحت صبح کا آغاز تلاوت کلام پاک اور خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا ضلع کی اقلیتی برادری نے بھی چرچ اور مندر میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور سلامی دی گئی۔
تحصیل میونسپل کمیٹی سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور، سابق ایم این اے میاں امتیاز احمد، ایس پی انوسٹی گیشن نصراللہ وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری محمد شفیق، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رانا محمود علی، چوہدری عبدالصبور، ریاض احمد نوری، بابر زمان، سید علمبردار حسین نقوی، آصف نقوی، قاری ظفر اقبال شریف سمیت پاک آرمی، پولیس، رینجرز کے افسران، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔
پرچم کشائی کے بعد پولیس اور ریسکیو1122کے چاک و چوبند دستوں نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر ٹاؤن ہال سے لیکر سٹی سنٹر چوک تک پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سمیت سروسز چیف، پاک فضائیہ کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں، جس نے ہمیں سرخرو فرمایا، یہ دن افواج پاکستان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ ”یومِ تشکر“ اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری، بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے شہداء کی قربانیوں، حکومت،سیاسی قیادت، سول اداروں،ضلعی انتظامیہ،قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہیلتھ، ریسکیو1122، پولیس،شہری دفاع و دیگرکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کا دن ہے۔ آپریشن بنیان المرصوص نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔
مقررین نے کہا کہ ہم نے دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی ایک خوداراور پُر امن قوم ہے،کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو اپنے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں۔بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا، ہماری افواج نے پیشہ ورانہ انداز سے بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔ مستقبل میں بھی اگر دشمن نے ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جسے وہ اچھی طرح سمجھتا ہے۔