
رحیم یار خان ( ویب ڈیسک)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول اینڈ کمانڈیٹیزسلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ 30ارب روپے کی لاگت سے صوبہ پنجاب کے30لاکھ مستحق گھرانوں کووزیر اعلیٰ پنجاب نگہبان رمضان پیکج کے تحت فی کس10ہزار امداد کے پے آرڈر دہلیز پر پہنچائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں نگہبان رمضان پیکج صوبہ کی تاریخ کا پہلا کامیاب پروگرام ہے جس میں پنجاب سوشو اکنامکس رجسٹریشن پروگرام کے ذریعہ یونین کونسل سطح پر خاندانوں کی رجسٹریشن کی گئی جس کا مقصد پنجاب کے مستحق گھرانوں کا ایک جامع ڈیٹا مرتب کرنا ہے تاکہ یہ گھرانے مستقل طور پر حکومتی فلاحی اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔اس پروگرام میں صرف وہی خاندان رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت کسی دیگر امدادی [پروگرام سے مستفید نہ ہو رہے ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع رحیم یار خان کے دورہ پر رمضان نگہبان پیکج کی ترسیل، رمضان سہولت بازار اورگراں فروشی کے تدارک کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت میڈیا بریفنگ میں شرکت کی جبکہ رمضان سہولت بازار، رمضان نگہبان پیکج کے تحت خود گھروں میں جاکر مستحق گھرانوں کو پے آرڈر فراہم کئے اور ریٹیلرز کے پاس مستحق افراد میں رقم کی ترسیل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) قندیل فاطمہ میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ریاست علی سمیت دیگر افسران ہمراہ موجود تھے۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول اینڈ کمانڈیٹیز سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازار، رمضان نگہبان پیکج اور ریٹیلرز کے پاس رقم کی ترسیل کے عمل کاجائزہ لیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان نگہبان پیکج میں رجسٹرڈ گھرانوں کو مالی امداد ضرور ملے گی اور 20ارب روپے کی رقم مستحق گھرانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ پے آرڈرز میں آنے والے مسائل کو بھی حل کیا جا رہا ہے، پے آرڈرز کے حامل افراد 15اپریل تک امدادی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیکج نادار لوگوں کا حق اور حکومت کا فرض ہے، عوام کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی سہولت اور پیسوں کو محفوظ بناتے ہوئے ماہ صیام میں صوبہ بھر میں رمضان سہولت بازار قائم کئے ہیں جہاں اشیائے روزمرہ تاجروں کے تعاون سے عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں کے قیام اور نگہبان رمضان پیکج میں پے آرڈر کی ترسیل میں ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں بہترین امور سر انجام دیئے ہیں۔جس پر میں انتظامی افسران اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران رمضان سہولت بازار اور نگہبان رمضان پیکج سے مستفید ہونے والے شہریوں سے گفتگو کی اور پھل و سبزیوں سمیت اشیاء روزمرہ کی قیمتوں میں کمی پر عوامی اطمینان پر تسلی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں اشیاء کی قیمتیں متاثر کن طور پر کم ہیں۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) قندیل فاطمہ میمن نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 1لاکھ23 ہزار 144خاندان رمضان نگہبان پیکج میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔جس میں سے 1لاکھ7ہزار693خاندانوں کے کارڈ بینک آف پنجاب سے موصول اور1لاکھ5ہزار تقسیم کئے جا چکے ہیں۔رمضان نگہبان پیکج میں کٹوتی کرنے پر7ریٹیلرز کو گرفتار کرکے مقدمات درج کئے گئے۔ضلع میں ایک رمضان سہولت بازار قائم کیا گیا ہے اوراشیاء خور د ونوش کی قیمتوں کو سختی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
