شاہرات پر عوام کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت کمیٹی قائم

رحیم یار خان:شاہرات پر عوام کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت کمیٹی قائم، تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو کنونیئر ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122، ڈی ایس پی ٹریفک، متعلقہ سیکٹر ڈی ایس پی این فائیو، متعلقہ ڈی ایس پی سی پیک ایم فائیو، ڈی ایس پی /ایس ڈی پی او متعلقہ تحصیل، ایس ڈی او روڈز اور موٹر وہیکل ایگزامینر ممبر ہوں گے۔شاہرات پر عوامی تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے قائم کمیٹی کا تعارفی اجلاس سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ضلع میں ایک سال کے دوران ہونے والے حادثات کا مکمل ڈیٹا کمیٹی کو فراہم کریں گے تاکہ حادثات کے محرکات اور وجوہات کا تعین کرتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کی جا سکے جبکہ ٹریفک پولیس ضلع کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے اپنی تجاویز فراہم کرے گی جس کی روشنی میں شاہرات پر سپیڈ بریکر، کیٹ آئیز سمیت، ٹریفک سگنلز سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کے لئے ڈپٹی کمشنر کو سفارشات ارسال کی جائیں گی تاکہ متعلقہ محکموں کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مناسب احکامات جاری کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا جائے گا کہ پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ میں اضافی پیٹرول پمپس، گیس ٹینک، فوگ لائٹس فوری اتاری جائیں، ڈرائیورز اپنے ہمراہ لائسنس، روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس رکھیں جبکہ قومی شاہراہوں پر ایس او پیز کی خلاف ورزی، ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے ڈرائیورز کی گاڑیاں بند اور روٹ پرمٹ کینسل کئے جائیں گے لہذا تمام ٹرانسپورٹرز عوام کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔علاوہ ازیں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے ضلع بھرمیں آگہی مہم چلائی جائے جس کے تحت تعلیمی اداروں میں سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ کم سن بچوں کی موٹر سائیکل و کار ڈرائیونگ روکنے کے لئے بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ضلع بھرمیں پھٹہ رکشوں اور ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹرز لگائے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز تمام ممبران کا اجلاس منعقد کرکے رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کریں گے۔