پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے پارٹی رہنماؤں کی مخدوم ھاوس لاہور ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی، اقتصادی اور داخلی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ایم پی اے شازیہ عابد، سابق ایم پی اے میاں علمدار قریشی، ضلعی صدر مظفرگڑھ مظہر پہوڑ اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین موجود تھے۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب میں پارٹی کی تنظیمی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
مخدوم احمد محمود نے تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس دن سے پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا گیا، اس دن سے ملک میں افراتفری، نافرمانی اور انتشار کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام گواہ ہیں کہ پی ٹی آئی نے انتخابات سے قبل جو دعوے اور وعدے کیے تھے، ان میں سے ایک بھی پورا نہ ہوا۔ اس کے برعکس، ان کی غلط پالیسیوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کر کے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدحالی کے دلدل میں دھکیل دیا۔
مخدوم احمد محمود نے 9 مئی کے واقعات اور حالیہ سول نافرمانی کی دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب ملک و قوم کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کردار ہر سطح پر ملک کی ترقی کے بجائے تباہی کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سول نافرمانی جیسا غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف ہے، جسے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سازی کے دوران وزیراعظم بننے کی پیشکش کو مسترد کر کے یہ ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں کبھی اسلام آباد پر لشکرکشی کی جاتی ہے اور کبھی عوام کو گمراہ کر کے سول نافرمانی جیسے خطرناک اقدامات کی ترغیب دی جاتی ہے۔
مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی روش اپنا رکھی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی حکومت کی غلط پالیسیوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا۔ انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے لوگ دوسروں پر الزام تراشی کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک مزید بحرانوں سے بچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت جن معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ان حالات میں سول نافرمانی جیسے اقدامات عوام اور ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
مخدوم احمد محمود نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ انتشار پھیلانے والے عناصر کو مسترد کر کے ملک میں امن و استحکام کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کی حمایت سے ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
یہ بیان پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے موجودہ سیاسی حالات میں ایک واضح پیغام ہے کہ وہ ملکی ترقی اور عوام کی خدمت کو اولین ترجیح سمجھتی ہے جبکہ انتشار اور افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہو کر ملک کے مفاد میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
