محکمہ تحفظ ماحولیات کے زیر اہتمام عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر آگہی واک کا انعقاد

رحیم یار خان: محکمہ تحفظ ماحولیات کے زیر اہتمام عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر آگہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر نے کی جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عامر رحمانی سمیت ریسکیو1122، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال زندگیوں میں آسانی کے ساتھ قدرتی ماحول کو بھی بری طرح متاثر اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا ہے۔عالمی یوم تحفظ منانے کا مقصد قدرتی ماحول کے تحفظ کی خاطر عوام میں شعور بیدار کرنا اور مختلف ماحولیاتی نظام کی بگڑتی صورتحال اور اس کے نمایاں مضر اثرات بارے لوگوں کو باخبر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی سربراہی میں ضلع کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے محفوظ بنانے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے جس کے تحت ایسے تمام صنعتی یونٹ جو آلودگی کا باعث بن رہے ہیں ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبک وسیع شجر کاری کے فروغ کے لئے بھی انتظامیہ عملی طور پر کوشاں ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عامر رحمانی نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد آلودگی کے منفی اثرات بارے شعور بیدار کرنا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی آلودگی کے تحفظ کے لئے سنجیدہ اقدامات یقینی بنا رہی ہے جبکہ معاشرے کے فرد پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں حکومت اور اداروں کی کوششوں کا ساتھ دیں۔