رحیم یار خان(ویب ڈیسک )ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر ضلع میں پانچ روزہ مہم کا افتتاح کر دیا۔انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع کے11لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤکی ویکسین اور وٹامن اے کے کیپسول پلائے جائیں گے۔28اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو کی انسداد مہم2نومبر تک جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی آفس میں پولیو مہم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنل یونٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے یوسی ایم او سے بھی ملاقات کرتے ہوئے پولیو مہم کے سوفیصد اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر غضنفر شفیق، ڈی ایچ او ڈاکٹر لیاقت چوہان، عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر عمر فاروق سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے پولیو مرض کا خاتمہ ہو چکا ہے پاکستان ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں یہ مرض موجود ہے،پولیو کے باعث پاکستانیوں کو بیرون ممالک سفر اور روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کو اس موذی مرض سے پاک کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہمارے ضلع میں پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلوائیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر غضنفر شفیق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دوران ٹیمیں بس اسٹینڈز، ریلواسٹیشن، سکولز، دیہی و بنیادی مراکز صحت اور شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی جبکہ اس مہم کے دوران وٹامن اے کے کیپسول بھی پلائے جائیں گے۔محکمہ صحت انسداد پولیو مہم کے سو فیصد ٹارگٹ کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے افسران اور ایریا انچارجز پولیو فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ اور معاونت کریں گی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں افتتاح ہونے والے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنل سنٹر سے بھی پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ اور کسی بھی مدد کی صورت میں مدد فراہم کی جائے گی۔
