2023 میں سیاحت کے لیے 10 بہترین شہر

گھومنے پھرنے کا شوق کس فرد کو نہیں ہوتا تاہم اس کی استطاعت بہت کم لوگوں کو ہوتی ہے۔

مگر پھر بھی جو لوگ 2023 میں دنیا کے مختلف شہروں کی سیر کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے دنیا کے 10 بہترین شہروں کا انتخاب سامنے آگیا ہے۔

سیاحت کے لیے معروف ادارے ٹرپ ایڈوائزر نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد کی جانب سے جمع کرائے گئے تجزیوں کی بنیاد پر ان شہروں کو 2023 کے لیے بہترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے۔

فہرست کے لیے سیاحوں کی جانب سے رہائش، ریسٹورنٹس اور وہاں کی سرگرمیوں کو دی جانے والی ریٹنگز کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

فہرست میں شامل شہر درج ذیل ہیں

10۔ استنبول، ترکیہ

استنبول کا مشہور پل / فوٹو بشکریہ envato
استنبول کا مشہور پل / فوٹو بشکریہ envato

ترکیہ کے مشہور شہر استنبول کے حصے میں 10 واں نمبر آیا ہے، یہ شہر باسفورس کے ایک جانب یورپ کے علاقے تھریس اور دوسری جانب ایشیا کے علاقے اناطولیہ تک پھیلا ہوا ہے اس طرح وہ دنیا کا واحد شہر ہے جو دو براعظموں میں واقع ہے۔

استنبول کو ‘سات پہاڑیوں کا شہر’ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ شہر کا قدیم علاقہ سات پہاڑیوں پر بنا ہوا ہے جہاں ہر پہاڑی کی چوٹی پر ایک مسجد قائم ہے، یہاں جدت و قدامت کا امتزاج دیکھنے والوں کے لیے یہاں کا سفر زندگی کا یادگار ترین تجربہ بنادیتا ہے۔

9۔ ڈومینیکن ری پبلک

وہاں کا ایک ساحل / کریٹیو کامنز فوٹو
وہاں کا ایک ساحل / کریٹیو کامنز فوٹو

یہ درحقیقت شہر نہیں بلکہ بحیرہ کیریبین کے ایک جزیرے پر مشتمل ملک ہے۔

یہاں کے ساحل اور عمارات کا طرز تعمیر سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے والے عوامل ہیں، یہ اس فہرست میں 9 ویں نمبر پر ہے۔

8۔ مراکش

یہ افریقی شہر جدت و قدامت کا امتزاج ہے / رائٹرز فوٹو
یہ افریقی شہر جدت و قدامت کا امتزاج ہے / رائٹرز فوٹو

مراکش کے دارالحکومت کا نام بھی مراکش ہے اور یہ اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر ہے۔

اپنے بازاروں کے لیے معروف یہ خوبصورت افریقی شہرجدت و قدامت کا امتزاج ہے جہاں عرب و افریقی ثقافت باہم مل کر اس شہرکو انوکھا بنا دیتے ہیں۔

یہاں کی موسیقی، ساحل اور لوگوں کا طرز زندگی سب سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننے والے عوامل ہیں۔

7۔ کریٹ، یونان

کریٹ کا ایک منظر / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
کریٹ کا ایک منظر / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

یہ بحیرہ روم کا پانچواں سب سے بڑا جزیرہ ہے جبکہ یہ ایک تاریخی مقام بھی ہے، لاکھوں سیاح یہاں کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے آتے ہیں۔

6۔ کانکون، میکسیکو

کانکون کا ایک ساحل / رائٹرز فوٹو
کانکون کا ایک ساحل / رائٹرز فوٹو

یہ شہر اپنے ساحلوں کے لیے دنیا بھر میں معروف ہے جبکہ مایا تہذیب کے کھنڈرات بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

5۔ پیرس، فرانس

ایفل ٹاور / اے ایف پی فوٹو
ایفل ٹاور / اے ایف پی فوٹو

شاندار و تاریخی عمارات، عالمی سطح پر معروف ادارے اور مشہور باغات دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح پیرس آتے ہیں۔

اسے محبت کا شہر بھی قرار دیا جاتا ہے۔

4۔ روم، اٹلی

روم اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے / فوٹو بشکریہ ٹرپ ایڈوائزر
روم اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے / فوٹو بشکریہ ٹرپ ایڈوائزر

اٹلی کا دارالحکومت روم اپنے تاریخی آثار کی بنا پر دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ یہاں کے پکوان، اوپن ائیر مارکیٹیں اور دیگر جگہیں بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

3۔ لندن، برطانیہ

لندن برج / فائل فوٹو
لندن برج / فائل فوٹو

لندن دنیا کے اہم شہروں میں سے ایک ہے۔

یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل چار مقامات کا تعلق بھی لندن سے ہے، جن میں ویسٹ منسٹر محل اور کلیسائے ویسٹ منسٹر، کلیسائے سینٹ مارگریٹ، لندن برج اور شاہی نباتاتی باغیچہ شامل ہیں۔

2۔ بالی، انڈونیشیا

بالی کا ایک مقام / فائل فوٹو
بالی کا ایک مقام / فائل فوٹو

اسے انڈونیشیا کی جنت بھی کہا جاتا ہے جو کسی خوابوں کی سرزمین سے کم نہیں۔

جزیرہ بالی اپنی روایتی مندروں، سرسبز دھان کے کھیتوں، آتش فشانی پہاڑوں اور ساحلوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔

اس طرح یہ تاریخی مقامات کے دلدادہ افراد کے ساتھ سمندری مقامات اور دیگر قدرتی مناظر کے پرستاروں کے لیے بھی مثالی مقام ثابت ہوتا ہے۔

1۔ دبئی، متحدہ عرب امارات

برج الخلیفہ / فائل فوٹو
برج الخلیفہ / فائل فوٹو

دبئی کے بارے ٹرپ ایڈوائزر کا کہنا ہے کہ یہ وہ شہر ہے جہاں جدید ثقافت کا امتزاج قدامت سے ہوا ہے جبکہ عالمی معیار کی شاپنگ اور تفریحی سہولیات یہاں دستیاب ہیں۔

دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ اس شہر میں موجود ہیں جبکہ اور بھی بہت کچھ ایسا ہے جو دیکھنے کے لائق ہے۔