ترک صدر کی اہلیہ کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات، پاکستانی آموں کا ذائقہ محور گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ان کی اہلیہ کے ہمراہ غیر رسمی گفتگو ہوئی جس میں پاکستانی آم اور  ان کا ذائقہ گفتگو کا مرکز  بنا رہا۔

دوران ملاقات  وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر سے  کہا کہ آپ کے بطور صدر انتخاب پر پاکستان کے عوام ترک عوام سے زیادہ خوش ہیں،  آپ کیلئے آموں کا تحفہ لایا ہوں۔

جس پر صدر اردوان اور ان کی اہلیہ  نے وزیراعظم شہباز شریف سے اظہارِ تشکر کیا،  صدر اردوان  کا کہنا تھا کہ انہیں علم ہے کہ پاکستانی آم بہت لذیذ ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف صدر  رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پر ترکیہ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر  رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی محل میں ہونے والی تقریب میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

ترک میڈیا کے مطابق گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نے طیب اردوان سے ترکیہ کے صدر کا حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں 21 سربراہان مملکت اور 13 وزرائے اعظم شریک ہوئے۔

https://twitter.com/pmln_org/status/1665254433620467712?s=20