پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر سے 9 مئی کے واقعات کو دہرانے کی کوشش کر رہی ہے

جعفر آباد/رحیم یارخان(05اکتوبر 2024ء)
سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال اور سابق رکن پنجاب اسمبلی و ممبر ضلعی رابطہ کمیٹی چوہدری محمد عمر نے جعفر آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سلطان بندیشہ اور عبدالجلیل بندیشہ سے ملاقات کی،ملاقات میں ملکی و علاقائی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لیگی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر سے 9 مئی کے واقعات کو دہرانے کی کوشش کر رہے ہیں،علی امین گنڈہ پور کے مقاصد کچھ اور ہی ہیں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرہ سے افغان باشندے گرفتار ہوئے جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ علی امین گنڈہ پور اپنی حد سے تجاوز کرکے اپنے عزائم کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں،حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیحی دی ہے کہ ملک اور قوم کیلئے ایک صف میں کھڑے ہو کر سوچیں اور ملک کی بقا کی خاطر اپنی سیاسی مفادات کو بھلا کر ملک اور قوم کی بھلائی کے ساتھ چلیں مگر پاکستان تحریک انصاف اپنے مذمو م مقاصد کی تکمیل کیلئے تمام حدیں پار کر رہی ہے،پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کے دوران آنسو گیس پھینکے،پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی جس سے تقریباً80 سے 85 اہلکار زخمی ہوچکے ہیں جو مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں،چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ حکومت نے متعدد بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کرنے کے دعوت دی مگر پی ٹی آئی قیادت مذاکرات کرنا نہیں چاہتی اور زور زبردستی کرکے اپنے فیصلے منوانا چاہتی ہے،علاقائی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا فوکس پنجاب کی عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے جس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز دن رات کوشاں ہے۔اس موقع پر پولیٹیکل سیکرٹری چوہدری محمد زاہد بھی موجود تھے۔