سینیٹ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا7ستمبر کاتاریخی دن سرکاری سطح پر منانے اور اس دن عام تعطیل کے اعلان کے لئے قرار داد کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):سینیٹ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا7ستمبر کاتاریخی دن سرکاری سطح پر منانے اور اس دن عام تعطیل کے اعلان کے لئے قرار داد کی منظوری دے دی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں جے یو آئی (ف)کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاالرحمان نے اس سلسلہ میں قرار داد پیش کی ۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے 7 ستمبر 1974 کو تاریخی دن متفقہ طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا۔ یہ دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کے لئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن مسلمانوں کی طویل جدوجہد کامیابی سےہمکنار ہوئی۔

قرار داد میں کہاگیا کہ ان تاریخی لمحات کو اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ سینیٹ حکومت پاکستان سے سفارش کرتا ہے کہ یہ دن سرکاری سطح پر منایاجائے اور اس دن کو قومی سطح پر چھٹی کااعلان کیا جائے ۔ ایوان نے اتفاق رائے قرارداد کی منظوری دے دی ۔