محافل میلاد النبیؐ کا انعقاد مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے کیا جائے گا

رحیم یارخان(ویب ڈیسک) مرکزی انجمن میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (رجسٹرڈ) میلاد چوک رحیم یارخان کے وفد نے چیئرمیں حاجی محمد نواز اختر نقشبندی کی قیادت میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رحیم یار خان رانا محمود علی سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں ربیع الاول کے 65 ویں سالانہ 12 روزہ پروگراموں بارے تفصیلات سے اگاہ کیا۔انھوں نے کہا کہ محافل میلاد النبیؐ کا انعقاد مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے کیا جائے گا۔ جشن میلادالنبیؐ منانا ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔ جس پر چیف آفیسر موصوف نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ میلاد چوک اور اس کے ارد گرد کے علاقہ کی صفائی ستھرائی کے خصوصی آحکام جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 12 ربیع الاول کے جلوس کے راستوں کو بھی صاف ستھرا رکھنے کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا اور عملہ صفائی مرکزی انجمن میلاد النبیؐ کے ساتھ ہر وقت رابطے میں رہے گا۔ جس پر مرکزی انجمن میلادالنبیؐ کے چیئرمین حاجی محمد نواز اختر نقشبندی، جنرل سیکرٹری خلیل احمد موہل اور محمد الیاس سعیدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محبوب خالق بھٹی، محمد اکرم سعیدی اور چودھری محمد سجاد سرور سعیدی بھی موجود تھے۔