جنوبی پنجاب میں فلڈنگ الرٹ جاری ، شدید بارشوں کا امکان،پی ڈی ایم اے

لاہور۔18اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث بیشتر اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے اوراس سلسلہ میں کمشنر ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے، اسی طرح ڈپٹی کمشنرز راجن پور ،کوٹ ادو، لیہ، مظفرگڑھ خانیوال، لودھراں ،وہاڑی، رحیم یار خان اور بہاولنگر کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے الرٹ رہیں ،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں،نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں ،شہری احتیاط کریں، بجلی کھمبوں ،لٹکتی تاروں ،کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں اورہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر یں ہیں۔