رحیم یار خان(ویب ڈیسک)ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب بارک اللہ کا دورہ رحیم یار خان، تنظیم شہری دفاع کی ایگزیکٹیو باڈی کے اجلاس کی صدارت، سول ڈیفنس آفس کا دورہ اور وارڈن پوسٹ کا افتتاح کیا۔ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس یٰسین ملک کی ضلع میں تنظیم شہری دفاع سمیت محکمہ کی مجموعی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ۔
ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب بارک اللہ نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس نے صوبہ بھرمیں محرم الحرام کے ایام اور یوم عاشورہ پر امن ومان کا قیام یقینی بنانے کے لئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بہترین خدمات سرانجام دیں جو قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے جلوس ومجالس کے مقامات،گزرگاہوں کی سرچنگ و سوئپنگ کی جبکہ تنظیم شہری دفاع کے رضا کاران نے شدید گرمی میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں شہریوں کے دفاع کو مضبوط بنانا وقت کا تقاضا ہے، روزمرہ زندگی میں رونما ہونے والے حادثات او روبائی امراض، قدرتی آفات میں تربیت یافتہ شہریوں کا ہونا نہایت ضروری ہے لہذا اس پیغام کو عام کیا جائے کہ ہر شہری تنظیم شہری دفاع میں خود کو رجسٹرڈ کرواتے ہوئے تربیت ضرور حاصل کرے۔انہوں نے رضاکاروں کے مسائل کے حوالہ سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)قندیل فاطمہ میمن سے ملاقات کی اور انہیں رضا کاران شہری دفاع کے مسائل حل کروانے کے حوالہ سے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے ضلع میں محکمہ سول ڈیفنس کی کارکردگی کو بھی خوب سراہا اور ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس یٰسین ملک کی قیادت میں محکمانہ کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔