
رحیم یارخان : تھانہ صدر، آباد پور اور سی آئی اے کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ کارروائیاں 41 مجرمان اشتہاریوں سمیت 86 ملزمان گرفتار، 11 لاکھ 52 ہزار کے 11 موٹر سائیکلیں، پھٹے رکشے، سولر پلیٹس و دیگر سامان برآمد، منشیات اور اسلحہ برآمد، تھانہ صدر پولیس نے تیزاب گردی کے مقدمہ میں دوسال سے مفرور دو انتہائی مطلوب مجرمان اشتہاری گرفتار کر لیے۔ ان خیالات کا اظہار اے ایس پی صدر سرکل دانیہ رانا نے ایس ایچ او تھانہ صدر رحیم یارخان شہزاد ارشد اور ایس ایچ او تھانہ آباد پور جبران جیراڈ کے ہمراہ تفصیلات بتاتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں صدر سرکل پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس میں گزشتہ کچھ عرصہ میں تھانہ صدر، آباد پور اور سی آئی سرکل پولیس نے نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس میں انہوں نے خطرناک 41 مجرمان اشتہاریوں سمیت 86 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 11لاکھ 52 ہزار کی 11 عدد موٹر سائیکلیں، ایک عدد پھٹہ رکشہ، متعدد سولر پلیٹس و نقدی برآمد کرتے ہوئے اصل مالکان کے سپرد کر دئیے گئے ہیں، اسی طرح پولیس نے 11 منشیات فروشوں کو 2700 گرام چرس، چالو بھٹیاں اور 570 لیٹر شراب برآمد ہونے پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے، پولیس نے 7 ملزمان سے اسلحہ برآمد ہونے پر گرفتار کیا اور ان کے خلاف حسب ضابطہ مقدمات درج کر کے جیل بھجوایا گیا، انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ صدر رحیم یارخان شہزاد ارشد اور ٹیم نے تیزاب گردی میں دو سال سے مفرور دو انتہائی مطلوب اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی رکھنے کے لیے پولیس کی جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔