تمام پبلک ٹرانسپورٹ رحیم یار خان سے دیگر شہریوں کے کرایوں میں 50روپے تک کمی لائیں گے

رحیم یار خان : حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے جبکہ سابقہ نرخوں میں کمی کے بعد اے سی اور نان اے سی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10فیصد کمی کی گئی تھی اور حالیہ قیمتوں میں کمی کے بعد تمام پبلک ٹرانسپورٹ رحیم یار خان سے دیگر شہریوں کے کرایوں میں 50روپے تک کمی لائیں گے اور یہ حکم فوری طور پر نافذالعمل ہو گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ بس اسٹینڈ، اڈوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں نمایاں جگہوں پر نئے اور پرانے کرائے آویزاں کئے جائیں حکم عدولی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت تمام چھوٹی بڑی پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ مالکان اپنے ڈرائیورز کا طبی معائنہ، گاڑیوں کے روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ یقینی بنائیں گے جبکہ گاڑیوں کو سفر پر روانہ کرنے سے پہلے تمام بنیادی حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب اور موٹر وئے پولیس کے درمیان اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا ہے کہ قومی شاہرات پر سفر کرنے والی پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کا ٹال پلازوں پر روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ چیک کیا جائے گا اور صرف اس گاڑی کو ہی قومی شاہراہوں پر سفر کی اجازت ہو گی جو ڈرائیورز گاڑیوں کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس ہمراہ رکھیں گے۔