داخلوں کی آخری تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، اے آئی او یو

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی( اے آئی او یو)کے سمسٹر خزاں 2023 کے دوسرے مرحلے کے داخلوں کی کل(پیر 20نومبرکو)آخری تاریخ ہے۔ ڈائریکٹرشعبہ داخلہ کے مطابق فارم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ داخلوں کے خواہشمند افراد اس موقع سے فائدہ اٹھا کر خود کو رجسٹرڈ کریں۔

انہوں نے کہا کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ پہلے 7نومبرمقرر تھی،چند طلبہ بروقت اپلائی نہیں کرسکے تھے، جن کی اپیل پر انہیں اپلائی کے لئے 20نومبر تک مہلت فراہم کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ سمسٹر سسٹم کی وجہ سے مزید توسیع نہیں کرسکتے ہیں تاکہ تعلیمی، تدریسی اور امتحانی امور کے لئے مقرر کردہ شیڈول متاثر نہ ہو۔

ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(بی اے جنرل)، ایسوسی ایٹ ایٹ ڈگری اِن کامرس(بی کام)، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، بی ایس(او ڈی ایل )پروگرامز، ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز، بی بی اے، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز اور سرٹیفکیٹ کورسز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔