ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس

رحیم یار خان( ویب ڈیسک)ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ضلع میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سمیت مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی تیاری و سوشل میڈیا اور کسی بھی ذرائع ابلاغ پر تشہیر کی روک تھام کے لئے میڈیا پالیسی بنانے کا فیصلہ،تعلیمی اداروں میں بچوں میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے علماء کرام، مذہبی اکابرین اور اساتذہ کرام کی مشاورت سے خصوصی پیغام تیار کرنے کے لئے کمیٹی قائم، کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ پیغام کو پنجاب ٹیکسٹ بورڈ سے منظور کرانے کے بعد تعلیمی اداروں میں پڑھانا لازمی قرار دیا جائے گا۔علاو ہ ازیں ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی عنوان سے مضمون نویسی کا مقابلہ بھی کرایا جائے گااور 30بہترین مضامین کا کتابچہ تشکیل دیا جائے گا ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کا اجلاس سے خطاب۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں پائیدار امن کے قیام، اتحاد، یگانگت، برداشت اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لئے علماء کرام، اقلیتی برادری اور تمام مذاہب کے اکابرین اپنا فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ضلع سے بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں گے کہ صوبائی و قومی سطح تک اس کی آواز سنائی دے اور اس ضمن میں مشاورت سے کئے جانے والی فیصلوں پر عملدرآمد کریا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عدم برداشت ہمارے معاشرے کے لئے زہر قاتل ہیں جس کا سدباب کے لئے والدین،علماء کرام، اساتذہ اور مذہبی اکابرین کردار ادا کریں تاکہ ہماری نوجوان نسل منفی پراپیگنڈا کے فروغ کی بجائے حقائق کی جستجو کرے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی تحصیلوں میں بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس بلائیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر، ایڈ منسٹریٹر آفیسر ریاست علی، ڈی ایس پی سٹی آصف خان،انچارج سیکورٹی حسن رضا نظامی سمیت دیگر موجود تھے۔
اجلاس میں ممبران کمیٹی علامہ عبداروف ربانی، خواجہ محمدادریس، بابر زمان، ریاض احمد نوری،قاضی خلیل الرحمن، عمانوییل عامی، شاہد سلیم، بھیا رام انجم، پیٹر جان بھیل سمیت دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری نے پاکستان کے قیام، ترقی و خوشحالی اور تعمیر وطن میں بھرپور کردار ادا کیا جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت ملکی اداروں نے بھی ہمیشہ اقلیتی برادری سے کسی بھی نامناسب رویہ پر بروقت ٹھوس اقدامات اٹھائے جس کی بدولت تمام اقلیتوں میں احساس تحفظ پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ تمام ممبران اور مذہبی اکابرین اپنے اپنے پلیٹ فارم سے ضلع میں بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغامات کو عام کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر ریاض احمد نوری نے اجتماعی دعا کرائی۔